کورٹلہ ۔ 30اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول کورٹلہ میں مسٹر بھوپتی صدر مدرس مدرسہ ہذا کی صدارت میں 26اکٹوبر پیر 5بجے شام اجلاس منعقد ہوا ۔ جناب خواجہ سراج الدین مدرس مدرسہ ہذا نے اجلاس کی کارروائی چلائی ۔ انہوں نے کہا کہ صدر مدرس مسٹر بھوپتی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ اس اسکول میں سی ڈی ای ایم سنٹرل ڈیولپمنٹ ایجوکیشن فار مائناریٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ اس اجلاس میں جناب محمد رفیع الدین نائب صدرنشین مجلس بلدیہ کورٹلہ ‘ جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و صدر بار اسوسی ایشن کورٹلہ ‘ جناب محمد نجیب الدین صدر امپاؤرمنٹ فورم و قائد ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ ‘ جناب محمدعبدالسلیم فاروقی نامہ نگار ’سیاست‘ کورٹلہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ جناب محمد رفیع الدین نائب صدر نشین مجلس بلدیہ نے اپنی تقریر میں مسٹر بھوپتی صدر مدرس کی کافی سرہنا کی۔ جناب محمد رفیع الدین نائب چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ نے مدرسہ ہذا میں موجد پینے کے پانی کے مسائل کو رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتا ‘ رکن اسمبلی کورٹلہ جناب کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ کے علم میں لاتے ہوئے پینے کے پانی کے مسائل کو حل کروانے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے ایس ایس سی میں10/10نشانات لانے والی طالبہ کو اپنی جانب سے پانچ ہزار نقد انعام دینے کا مدرسہ ہذا کی طالبات کو تیقن دیا ۔ جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و صدر بار اسوسی ایشن کورٹلہ نے جناب محمد عبدالسلیم فاروقی کی ملی خدمات کی ستائش کی ۔ سلیم فاروقی نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ گذشتہ 25سال سے صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہ بحیثیت اردو صحافی ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ کورٹلہ کے اردو میڈیم کے طلبہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ کورٹلہ کا نام روشن کریں ۔جناب محمد نجیب الدین صدر امپاورمنٹ فورم و قائد ٹی آرایس پارٹی کورٹلہ نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ ہذا میں امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کرنے طلبہ کو اپنی جانب سے ایک ہزار روپئے نقد انعام دینے کا وعدہ کیا ۔ جناب خواجہ سراج الدین مدرس مدرسہ ہذا نے اپنی تقریر میں کہا کہ مسلمانوں میں یہ رجحان عام ہے کہ سرکاری اسکولوں ‘ کالجوں میں تعلیم اچھی نہیں ہوتی اور اس میں صرف غریب بچے پڑھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اس رجحان کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔مسٹر بھوپتی صدر مدرس ضلع پریشد ہائی اسکول کورٹلہ نے اپنی تقریر میں اس اجلاس میں شریک شرکاء سے کہا کہ مدرسہ ہذا میں جب سے ہیڈ ماسٹر کا عہدہ کا جائزہ سنبھالے ہیں ان کی کوشش رہی ہے کہ اردو میڈیم کے طلبہ کا تعلیمی معیار بھی تلگودیشم طلبہ کے برابر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول کورٹلہ ٹاؤن کا واحد اسکول ہے جہاں اردو میڈیم طالبات کو پڑھانے کیلئے تمام مضامین کے قابل ٹرینڈ اساتذہ موجود ہیں ۔ انہوں نے طالبات کی ہمت افزائی کے سلسلہ میں اعلان کردہ انعامات کے اعلان پر جناب محمد رفیع الدین نائب چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ ‘ جناب محمد مبین باشاہ ایڈوکیٹ و صدر بار اسوسی ایشن کورٹلہ ‘ جناب محمد نجیب الدین صدر امپاؤرمنٹ فورم و ٹی آر ایس قائد ‘ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مدرسہ ہذا کے طالبات محنت و لگن کے ذریعہ ایس ایس سی کے امتحان میں امتیازی کامیابی حاصل کرتے ہوئے شرکاء کی جانب سے اعلان کردہ انعام حاصل کرتے ہوئے اسکول کا نام روشن کریں گے ۔