سخت سیکوریٹی کے باوجود توگاڑیہ ایودھیا میں کس طرح داخل ؟

یاترا کی کوشش ناکام، سنگھل، توگاڑیہ گرفتار‘یوپی حکومت پر برہمی ، مغلیہ دور سے تقابل ،آج احتجاجی مظاہرے
لکھنو 25؍ اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد کے صدرپروین توگاڑیا کو اگرچیکہ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی پر ایودھیا سے گرفتار کیا گیا لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے سخت ترین سیکوریٹی کے پیش نظر پراسرار طور پروہ ایک مند رسے نمودار ہوئے ۔ وی ایچ پی کی چوارسی کوسی پریکرما کے لئے قیاس کیا جاتا ہے کہ پروین توگاڑیا ضلع فیض آباد کی سرحدوں پر نظم و نسق کی جانب سے ناکہ بندی سے دو دن قبل ہی ایودھیا میں داخل ہوئے تھے ۔ توگاڑیا کو آج ایودھیا میں رام مندر کی حمایت کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ۔ توگاڑیا نے سیکوریٹی توڑ کر مندر میں داخل ہوئے اور ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ کی اجرائی کے باوجود وہ ہفتہ کی رات کو ہی مندر پہونچ گئے تھے ۔ وی ایچ پی ترجمان شرد شرما نے اعتراف کرلیا کہ توگاڑیا جی ہفتہ کی رات ہی ایک گاؤں سے ایودھیا پہونچے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آخر توگاڑیا نے بھاری سیکوریٹی انتظامات کو توڑ کر کس طرح داخل ہوئے ۔ شرما نے کہا کہ یہ ایک راز کی بات ہے ۔ وی ایچ پی کے سرکردہ لیڈر پروین توگاڑیہ اور اشوک سنگھل کو آج گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اترپردیش انتظامیہ نے متنازعہ یاترا پر امتناع عائد کردیا ہے۔ آج ایودھیا میں آر ایس ایس نے اس یاترا کا علامتی طور پر افتتاح کیا۔ پروین توگاڑیہ کو ایودھیا میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اشوک سنگھل کو لکھنؤ ایرپورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا۔ وہ نئی دہلی سے سوامی رام بھدرا چاریہ کے ہمراہ یہاں پہونچے تھے اور ایودھیا جانے کیلئے اصرار کررہے تھے لیکن عہدیداروں نے انہیں حراست میں لے لیا۔ پروین توگاڑیہ نے ایودھیا میں گولہ گھاٹ علاقہ میں گرفتاری کے بعد کہا کہ حکومت اترپردیش کی جانب سے چوراسی کوسی پریکرما یاترا پر امتناع کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا یہ تحریک ملک کے ہر گاؤں تک پہونچے گی اور کل تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔ قبل ازیں حکومت اترپردیش کے ساتھ محاذ آرائی کی روش اختیار کرتے ہوئے رام جنم بھومی کے نرتیہ گوپال داس نے گرفتاری سے قبل مندر کے باہر دس قدم چلتے ہوئے اس یاترا کا افتتاح کیا۔ توگاڑیہ اور سنگھل کے علاوہ انتظامیہ نے 500 سے زائد افراد بشمول سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور موجودہ رکن اسمبلی کو بھی گرفتار کرلیا۔ اشوک سنگھل کو جنہیں ایرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی، یہ جاننا چاہا کہ انہیں کیوں گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کونسا جرم کیا ہے۔ انتظامیہ کو اس کی وضاحت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں مغلیہ دور ہے جہاں سادھوؤں اور سنتوں کو پوجا سے روکا جارہا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دہلی واپس جائیں گے، اشوک سنگھل برہم ہوگئے اور کہا کہ وہ دہلی کیوں واپس جائیں گے۔ یاترا شروع ہونے سے قبل سابق بی جے پی رکن پارلیمان ویدانتی اور موجودہ رکن اسمبلی چندرا یادو کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ویدانتی کو پریکرما کیلئے ایودھیا جاتے وقت گھر سے نکلتے ہی گرفتار کرلیا گیا، جبکہ رام چندر یادو کو بھی ایودھیا میں گرفتار کیا گیا۔