ویلنشیا، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندستانی مرد ہاکی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سخت جدوجہد کے بعد چھ ملکوں کے ہاکی ٹورنامنٹ میں 0۔1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جو اس کی یہاں دوسری شکست ہے ۔ ہندستانی ٹیم نے دوسری شکست سے بچنے کے لیے کافی سخت جدوجہد کی تو وہیں نیوزی لینڈ نے بھی انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کو باندھ رکھا۔ میچ کے پہلے ہاف میں ہندستان کے پاس گول کا بہترین موقع آیا اور رمندیپ نے گیند کو اسے تلویندر کو پاس کیا جس پر ہندستانی کھلاڑی نے گول کیا لیکن کیوی گول کیپر نے بہت صفائی سے اس کا دفاع کرکے ہندستان کو برتری لینے کا موقع نہیں دیا۔ اس کے فورا بعد نیوزی لینڈ کو پنالٹی کارنر ملا لیکن وکاس دہیا نے اس کا دفاع کر لیا۔ دوسرے کوارٹرکے آغاز میں ہی لیکن نیوزی لینڈ کی برتری لینے میں کامیاب ہو گیا جب ہندستانی خیمے کی لاپرواہی سے آسان گول کیوی ٹیم کو مل گیا۔