لاہور۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کی کرکٹ ٹیم آج صبح کی ساعتوں میں مشرقی شہر لاہور پہونچی ہے۔ اس طرح 6 برس قبل سری لنکائی کرکٹ ٹیم کی بس پر ہوئے حملے کے بعد زمبابوے پہلی ٹسٹ کھیلنے والی ایسی ٹیم ہے جو پاکستان کے دورہ پر پہونچی ہے۔ مہمان ٹیم کی دو بسیں جوکہ سکیورٹی ویانس اور مسلح گارڈس کی زیرنگرانی سخت ترین سکیورٹی میں ہوٹل روانہ ہوئیں۔ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف اس دورہ پر 3 ونڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 مقابلے کھیلے گی اور یہ سیریز 22 تا 31 مئی منعقد ہوگی جس کے بعد یکم جون کو مہمان ٹیم وطن لوٹ جائے گی۔ اس موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ شجاع خان زادہ نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے
اور ہم اس سیریز کو کامیاب بنائیں گے۔ علاوہ ازیں زمبابوے کے ساتھ ان کے امپائر رسل ٹفن بھی پاکستان پہونچے ہیں جوکہ مقامی امپائر کے ساتھ سیریز کے دوران امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، کیونکہ آئی سی سی نے سکیورٹی خدشات کی بناء پر اپنے عہدیداروں کو پاکستان روانہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مہمان ٹیم کو وی آئی پی سکیورٹی فراہم کرے گا تاکہ 2009ء کے واقعہ جیسا کوئی ناگہانی واقعہ رونما نہ ہو کیونکہ اس موقع پر سری لنکائی ٹیم کی بس پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں پولیس کے 6 عہدیدار اور ویان کا ڈرائیور ہلاک ہونے کے علاوہ مہمان ٹیم کے کئی کھلاڑی زخمیوں میں شامل تھے۔
زمبابوے کی ٹیم کی حفاظت کیلئے تقریباً 4 ہزار پولیس اور سکیورٹی عہدیدار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا مقابلہ جمعہ کو کھیلا جائے گا جو ٹوئنٹی 20 میچ ہے۔ دریں اثناء شجاع خان زادہ نے کہا کہ حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مکمل تعاون فراہم کررہی ہے نیز دونوں مل کر ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور اس سیریز کی کامیابی کے بعد دیگر ٹیموں کی بھی پاکستان آمد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی گزشتہ تین برس سے ٹسٹ کھیلنے والی ٹیموں کو پاکستان آمد پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہا تھا جبکہ بنگلہ دیش میں دو مرتبہ اپنے دورۂ پاکستان کو ملتوی کیا لیکن یہ زمبابوے ہے جس نے پاکستان پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم روانہ کی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ علاوہ ازیں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اس موقع پر مہمان ٹیم کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھے اور انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی آمد کے بعد پاکستان دیگر ٹیموں کے دورۂ پاکستان کے متعلق اعتماد حاصل کرپائے گا۔ قبل ازیں پی سی بی نے کہا کہ جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں منعقد شدنی افتتاحی ٹوئنٹی 20 مقابلے کی 75 فیصد ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں جبکہ اسی میدان پر دونوں ٹیموں کے درمیان تمام 5 مقابلے کھیلے جائیں گے۔