سجدہ کرنے پر امریکی کھلاڑی کو15 یارڈس کی پینالٹی

نیو یارک 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )امریکی میڈیا کے مطابق مقامی کھلاڑی فٹبال ٹیم کینسس چیفس سٹی کے کھلاڑی حسین عبداللہ پر ٹچ ڈاؤن کے بعد سجدہ کرنے پر 15 یارڈ کی پینالٹی عائد کردی گئی ۔حسین عبداللہ نے کھیل کے چوتھے کوارٹر میں ٹچ ڈاؤن کے بعد سجدہ کیا تھا۔عبداللہ نے نیو انگلینڈ پیٹریئٹس کے خلاف چوتھے کوارٹر میں 39 یارڈ سے مخالف کھلاڑی کا پاس لے کر ٹچ ڈاؤن کیا۔بعدازاں ریفری نے 29 سالہ عبداللہ پر ٹچ ڈاؤن کی خوشیکے بعد سجدہ کرنے کو قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے15 یارڈ کی پینالٹی عائد کر دی۔نیشنل فٹ بال لیگ کے سابق ریفری مائیک پریرا نے کہا کہ گھٹنوں پر بیٹھ کر دعا کرنا قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔عبداللہ ایک متقی مسلمان ہیں

اور انھوں نے 2012 کا سیزن نہیں کھیلا تھا کیونکہ وہ اپنے بھائی حمزہ کے ہمراہ فریضہ حج کیلئے سعودی عربیہ کے سفر پر تھے ۔حالیہ سیزن میں این ایف ایل پر سماجی مسائل کے حوالے سے کافی تنقید کی جا رہی ہے اور اس پینالٹی کی وجہ سے این ایف ایل کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ 2011 کے سیزن کے دوران این ایف ایل کھلاڑی ٹم ٹیبو اپنے گھٹنے کے بل بیٹھے اور دعا کی۔اس عمل کو ’ٹیبوئنگ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔تاہم ٹم ٹیبو کو اس عمل پر پینالٹی نہیں لگائی گئی بلکہ یہ عمل اس سیزن میں بہت مشہور ہوا تھا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر عبداللہ پر پینالٹی عائد کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے۔امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ این ایف ایل کو اگلے روز یہ وضاحت کرنی ہو گی کہ آیا ریفری نے غلطی سے پینالٹی عائد کی ہے یا یہ اس کا دانستہ فیصلہ تھا۔