سجادہ نشین بارگاہ غوث اعظمؒ کا سانحہ ارتحال

ورنگل 22 جولائی (فیاکس) مولانا سید احمد ظفر الجیلانی سجادہ نشین و متولی بارگاہ غوث اعظم شیخ عبدالقادر جیلانیؒ نے 19 جولائی کو داعی اجل کو لبیک کہا۔ حضرت کے سانحہ ارتحال پر شہر ورنگل کے ممتاز ماہر تعلیم جناب محمد شرف الدین محمودی اسکول اسسٹنٹ فزیکل سائنس نے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ حضرت والا کی ساری زندگی تعلیمات غوث اعظم دستگیرؒ کو عام کرنے میں گذری۔ آپ سچے عاشق رسول ﷺ تھے۔ آپ کی شخصیت مثل دریائے فیض کی مانند تھی جس سے اہل حق استفادہ کرتے تھے۔ آپ کی رحلت پر ایک خلاء پیدا ہوا ہے جو عرصہ دراز تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔ مرحوم اکثر حیدرآباد تشریف لاکر تشنگان حق کو اپنی تعلیم سے فیضیاب فرمایا کرتے تھے۔ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مرحوم کی بخشش و مغفرت اور درجات کی بلندی عطا ہو۔