حیدرآباد۔11اگست ( پی ٹی آئی) سابق ستیم کمپیوٹر سروسیس لمٹیڈ کمپنی کے حسابات میں کروڑوں روپئے کی ہیرپھیر اور دھوکہ دہی کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی ایک مقامی عدالت نے اس مقدمہ پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے اور تمام ملزمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15ستمبر کو عدالت میں حاضر رہیں ۔ سی بی آئی کے خصوصی عوامی استغاثہ کے سریندر نے کہا کہ’’ عدالت نے فیصلہ کے اعلان کی کوئی تاریخ نہیں دی ہے ۔ فیصلہ محفوظ کردیا گیا ہے اور جب بھی یہ فیصلہ تیار ہوجائے گا اس کا اعلان کردیا جائے گا ‘‘ ۔ اس مقدمہ کے 10ملزمین میں کلیدی ملزم ستیم کمپیوٹرس کے بانی اور چیرمین راما لنگا راجو ‘ ان کے بھائی اور ستیم کے سابق منیجنگ ڈائرکٹر بی راما راجو ‘ سابق چیف فینانس آفیسرس گوپال کرشنن اور ٹی سرینواس کے علاوہ راجو کے ایک اور بھائی بی سوریہ نارائنا راجو‘ سابق ملازمین جی رام کرشنا ‘ ڈی وینکٹ پتی راجو ‘ سی ایچ سری راملو اور سابق انٹرنل چیف آڈیٹر وی ایس پربھاکر گپتا شامل ہیں ۔