ستیش سانا کو تحفظ کی فراہمی کیلئے حیدرآباد پولیس کو ہدایت

راکیش آستھانہ کیخلاف شکایت کرنے والے تاجر کی درخواست پر سپریم کورٹ کے احکام
نئی دہلی 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے حیدرآباد پولیس کو ہدایت کی ہے کہ سی بی آئی کے اسپیشل ڈائرکٹر کے خلاف مبینہ رشوت ستانی کے شکایت کنندہ بزنس مین ستیش سانا کو خاطر خواہ سکیورٹی فراہم کی جائے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کے علاوہ جسٹس یو یو للت اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل بنچ نے تاہم ان (سانا) کے خلاف سی بی آئی کے سمن پر التواء جاری کرنے سے انکار کردیا اور سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج اے کے پٹنائک کی موجودگی میں ان کے بیانات کی ریکارڈنگ کے لئے دی گئی درخواست کو مسترد کردیا۔ ستیش سانا کی شکایت پر ہی سی بی آئی کے اسپیشل ڈائرکٹر راکیش آستھانہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ سانا نے پیر کو عدالت عظمیٰ سے رجوع ہوتے ہوئے پولیس تحفظ کی فراہمی کے علاوہ پوچھ گچھ کے لئے اس تحقیقاتی ادارہ کی طرف سے ان کے نام جاری کردہ سمن پر التواء جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔ سانا کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی نے 15 اکٹوبر کو آستھانہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ سانا کو بھی 2017 ء کے اُس کیس میں تحقیقات کا سامنا ہے جس (کیس) میں گوشت کے برآمد کنندہ معین قریشی ملوث ہیں۔ سانا نے اپنے خلاف جاری سمن پر التواء کے علاوہ اپنی جان کو لاحق خطرہ کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے آستھانہ کے خلاف تحقیقات کی تکمیل تک پولیس تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔