تیرواننتاپورم۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی قیادت میں یو ڈی ایف حکومت نے شراب کی بہ آسانی دستیابی کو کم کرنے کے مقصد کے تحت فائیو اسٹار سے کم درجہ کی ہوٹلوں کو نوٹسیں جاری کی ہیں کہ وہ 12 ستمبر سے قبل اپنے بارس بند کردیں۔ یہ فیصلہ وزیر نشہ بندی مسٹر کے بابو کی قیادت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا اور اب اس فیصلہ کا مطلب یہ ہوگا کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ہونے والے اونم تہوار کے بعد 312 بارس بند ہوجائیں گے۔اس اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر بابو نے کہا کہ یو ڈی ایف پالیسی کے ایکشن پلان کے تحت گزشتہ ہفتہ یہ فیصلہ کیا گیا تھا اور اب 28 اگست تک تمام ہوٹلوں کو نوٹسیں جاری کردی جائیں گی کہ وہ اندرون 15 یوم شراب کی فروخت کو بند کردیں۔