یلاریڈی شاہراہ پر عوام کا تین گھنٹے طویل احتجاجی دھرنا
یلاریڈی۔/21مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلا ریڈی سب انسپکٹر مسٹر راج شیکھر نے تحقیقات کیلئے ملزم کو پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے اسے بے تحاشہ مار پیٹ کی جس پر ملزم بے ہوش ہوکر گرپڑا۔ تفصیلات کے مطابق منڈل یلاریڈی کے لکشما پور علاقہ سے تعلق رکھنے والا بھاسکر ہراساں کررہا ہے کہہ کر لکشما پور کی ایک خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ سب انسپکٹر راج شیکھر نے کیس درج کرتے ہوئے کل بھاسکر کو پوچھ تاچھ کی غرض سے پولیس اسٹیشن طلب کیا اور اس کو خوب مارا پیٹا، جس سے بھاسکر بے ہوش ہوکر زمین پر گرپڑا۔ جسے یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔
اس بات کی اطلاع ملتے ہی لکشما پور سے افراد خاندان اور موضع کی عوام بڑی تعداد میں یلاریڈی سرکاری دواخانہ پہنچ کر سب انسپکٹر کے رویہ پر احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ پر تین گھنٹے تک دھرنا منظم کیا جن کی تائید میں زیڈ پی ٹی سی سامل، ایم پی پی گنگادھر نے احتجاج میں حصہ لیا۔ سرکل انسپکٹر مسٹر راما کرشنا نے احتجاجیوں کے پاس آکر بات کی لیکن ایک نہ سننے پر کاماریڈی سے انچارج ڈی ایس پی سبھاش چندر بوس، لنگم پیٹ سے ناگی ریڈی پیٹ منڈلوں کے سب انسپکٹران راجیش، راکیش اپنے عملے کے ساتھ یلاریڈی پہنچے۔ عوام نے انصاف کرنے کے مطالبہ پر اسٹیشن پر دھرنا دیا۔ انچارج ڈی ایس پی سبھاش چندر بوس نے ضلع ایس پی سے فون پر بات کرکے تمام واقعہ سے واقف کروایا جس پر ضلع ایس پی نے معاملہ کی تحقیقات کرواتے ہوئے انصاف کرنے کا تیقن دیا جس پر عوام نے احتجاج ختم کیا۔ پولیس کے اس قدر بے رحمانہ رویہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔