اقدام قتل کے ملزم کی مدد کیلئے ایک لاکھ روپئے وصول کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔/13جون، ( سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک سب انسپکٹر اور کانسٹبل کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سب انسپکٹر سی ایچ سریکانت نے ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن میں جاریہ سال جنوری میں درج کئے گئے ایک اقدام قتل مقدمہ میں ملزم کو مدد کرنے اور اس کی ضمانت کیلئے سہولت فراہم کرنے کیلئے ملزم کے بھائی سے ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ اے سی بی ذرائع نے بتایا کہ اقدام قتل کیس کے کلیدی ملزم سعود عمودی کو جاریہ ماہ دہلی میں گرفتار کرکے شہر منتقل کیا گیا تھا اور اس کی 7 دن کی پولیس تحویل بھی حاصل کی گئی تھی جس کے دوران سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے ملزم کے بھائی سے پہلے 50 ہزار روپئے حاصل کئے تھے اور 20 ہزار کی مزید رشوت کا مطالبہ کررہا تھا کہ اینٹی کرپشن بیورو نے آج سب انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی عہدیداروں نے آج پولیس اسٹیشن ہمایوں نگر پہنچ کر وہاں کے کانسٹبل محمد رحیم پاشاہ کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جب وہ رشوت کی رقم حاصل کرنے کے بعد اس رقم کو سب انسپکٹر کے حوالے کررہا تھا۔ اے سی بی عہدیداروں نے سب انسپکٹر سی ایچ سریکانت اور کانسٹبل محمد رحیم پاشاہ کو گرفتار کرلیا اور کل انہیں انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔