سب انسپکٹر سے بدسلوکی ‘ کانسٹیبل گرفتار

رات دیر گئے ڈی جے رکوانے کی کوشش پر ہنگامہ آرائی

حیدرآباد 31 اکٹوبر ( سیاست نیوز)پولیس جو عوام دوست ہونے کا دعوی کرتی ہے اور غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں کو کچلنے میں مشکلات پیش آنے کا دعوی بھی کرتی ہے اب اسے خود اپنے ملازمین کے مابین زد و کوب اور ہاتھا پائی کی صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایک واقعہ میں ایک پولیس کانسٹیبل کو ایک سب انسپکٹر کا گریبان پکڑلینے اور اس کے کام کاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ یہ واقعہ لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ پولیس ٹریفک پولیس سے وابستہ ایک کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا گیا ۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے لنگر حوض پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر سے بدسلوکی کی ‘ اس کے کام کاج میں رکاوٹ پیدا کی اور مبینہ طور پر اس کا گریبان پکڑ لیا ۔ کہا گیا ہے کہ لنگر حوض پولیس کی ایک پارٹی کل رات پرشانت نگر میں ڈی جے رکوانے پہونچی تھی جو رات دیر گئے تک بج رہا تھا ۔ سیف آباد ٹریفک پولیس سے وابستہ کانسٹیبل مہیش نے اس پر اعتراض کیا اور اس نے پولیس پارٹی کو برا بھلا کہنا شروع کردیا ۔ اس نے پولیس پارٹی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور سب انسپکٹر ششی دھر کا گریبان پکڑلیا تھا ۔  انسپکٹر لنگر حوض محمد جاوید نے بتایا کہ ڈی جے سسٹم کو روکوانے پر مہیش نے پولیس ملازمین سے ان کے سیل فون کھینچ لیے اور انہیں ڈھکیل دیا اور خدمات میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے ان پر ٹوٹ پڑا ۔ اس دوران سب انسپکٹر ششی دھر کا دامن پکڑلیا ۔ پولیس لنگر حوض نے آج کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک کانسٹیبل مہیش کو گرفتار کر لیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔