نلگنڈہ میں جائزہ اجلاس سے مہتمم پولیس اے رنگاناتھ کا خطاب
نلگنڈہ۔/17اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر کی جائیدادوں پر بھرتی کیلئے 26 اگسٹ کو منعقد شدنی تحریری امتحان کو بعدعنوانیوں سے پاک اور پرامن فضاء میں انعقاد کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع میں ایس آئی کے تحریری امتحان میں جملہ 16 ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کیلئے 42 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ یہ بات ضلع مہتمم پولیس مسٹر اے رنگاناتھ نے آج اپنے اجلاس میں ریاستی بورڈ رکروٹمنٹ، جے این ٹی یو کے عہدیداروں کے جائزہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تحریری امتحان 26 اگسٹ کو صبح 10 بجے تا ایک بجے مقرر ہیں۔ امیدواروں کو صبح 8بجے سے سنٹرس کے اندر داخل ہونے کی اجازت رہے گی۔ امیدواروں کی مکمل جانچ کے بعد ہی داخلہ دیا جائے گا۔ امتحانی مراکز میں سیل فونس، پن ڈرائیو، گھڑی اور الکٹرانک اشیاء ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر امیدواروں کی جانب سے سنٹرس تک لانے پر ان اشیاء کو ضبط کرلیا جائے گا اور کہا کہ شریک ہونے والے امیدوار قبل از وقت مراکز کی جانکاری حاصل کرلیں ۔ امتحان کے دن غیر ضروری مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔ اور بتایا کہ اس خصوص میں روٹ عہدیداروں اور روٹ میاپ کی تیاری عمل میں لائی گئی ہے۔ جے این ٹی یو سنٹر فار واٹر ریسورس پروفیسر ڈاکٹر گنگا دھر نے کہاکہ امتحانی اوقات کار سے قبل مراکز پر امیدوار پہنچنا چاہیئے۔ ایک منٹ کی تاخیر پر سنٹر میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ اس اجلاس کو این جی کالج پرنسپل ڈاکٹر پدمجا نے بھی مخاطب کیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی مسٹر پدمنابھا ریڈی ڈی ایس پی، مسٹر سدھاکر سرکل انسپکٹرس ، چیف سپرنٹنڈنٹ انویجلیٹرس و دیگر شریک تھے۔