اسٹینفورڈ ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی ٹینس اسٹار سبین لسکی نے اسٹینفورڈ ٹینس ٹورنمنٹ میں تیز ترین سرویس کر کے ڈبلیو ٹی اے میں عالمی ریکارڈقائم کرلیا جبکہ سرینا ولیمس اور آندریا پیٹکووچ ٹورنمنٹ کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئیں۔یہاں جاری ٹینس ٹورنمنٹ کے پہلے راؤنڈ میں جرمنی کی سبین لسکی کا مقابلہ سربیا کی اینا ایوانووک سے ہوا۔ ہارڈ کورٹ پر ہونے والے دلچسپ مقابلے میں سبین لسکی کو6-7، 1-6سے ناکامی کا سامنا ہوا ،لیکن پہلے سیٹ میں جرمن کھلاڑی نے جارحانہ ا سٹروک کھیلتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ سبین لسکی 210کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سرویس کرتے ہوئے گزشتہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوئیں۔ امریکہ کی وینس ولیمس نے یو ایس اوپن میں 207.6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ واضح رہے جرمنی سے تعلق رکھنے والے سبین لسکی نے حالیہ چند ٹورنمنٹس میں بہتر مظاہرے کرتے ہوئے ملک کیلئے امیدوں کو جگایا ہے کیونکہ ان کی سرویس تیز ہونے کے علاوہ فور ہینڈ اسٹروکس بھی کافی طاقتور ہیں۔