بارک پور (مغربی بنگال) ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم ) لیڈر اور شعلہ بیان ٹریڈ یونین قائد سبھاشنی علی ایک بار پھر انتخابی میدان میں ہیں قبل ازیں انہوں نے 1989 ء میں انتخابی مقابلہ کیا تھا ۔ سبھاشنی علی جن کا تعلق کانپور سے ہے ، کو پورا یقین ہے کہ وہ کامیابی حاصل کریں گی اور یہ توقع بھی ظاہر کی کہ پارٹی کو مغربی بنگال میں مزید استحکام حاصل ہوگا ۔ انہوں نے 1989 ء میں کانپور نشست پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے بعد انتخابی سیاست سے دور ہوگئی تھیں لیکن کنارہ کشی اختیار نہیں کی تھی ۔ سبھاشنی علی کا مقابلہ ترنمول کانگریس کے موجودہ ایم پی اور سابق مرکزی وزیر دنیش ترویدی ، کانگریس کے سمراٹ ٹوپادار اور بی جے پی کے آر آر ہنڈہ سے ہے جو سابق آئی اے ایس آفیسر ہیں۔ سبھاشنی علی نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ اس بار ان کے لئے نتائج 1989 ء سے بھی بہتر ثابت ہوں گے۔