مجلس بلدیہ کانگریس فلور لیڈر گنڈے سادھوی کا الزام
کریم نگر۔/2مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے سبسیڈی قرض اسکیم کے امیدواروں کی نشاندہی و انتخاب میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں جبکہ مستحق اہل درخواست گذاروں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ مجلس بلدیہ کارپوریشن فلور قائد گنڈے سادھوی مہیش نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس طرح کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط کا کوئی پاس و لحاظ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے قرض حاصل کرنے والوں کی مدون کردہ فہرست کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی امیدواروں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے انہیں قرض کی منظوری کا تیقن دے کر ان کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی۔ انہوں نے اس طرح کی بدعنوانی و دھاندلی کی تمام تر ذمہ داری میئر بلدیہ پر عائد کی اور کہا کہ ان کے ساتھ کمشنر بھی قصور وار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی آدمیوں اور دلالوں کی سفارش پر منظوریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ اس تعلق سے سخت کارروائی کرتے ہوئے خاطی عہدیداروں کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس قائدین، انجن کمار، وی رمنا راؤ، کے تروپتی، سریلا پرساد وغیرہ شریک تھے۔