گرمیوں کے موسم میں سبزیوں کے زیادہ استعمال سے جلد کو صحت مند اور بارونق رکھا جاسکتا ہے ۔ اس مقصد کیلئے اپنی خوراک سے مرغن اور پروٹین سے بھرپور غذاؤں میں کمی لاتے ہوئے سبزیوں کو شامل کریں ۔
جلد کی خوبصورتی کیلئے سب سے مفید ٹماٹر ہے ، ٹماٹر کو نہ صرف مختلف ڈشز میں استعمال کرنا چاہئے بلکہ بطور سلاد روزانہ دو ٹماٹر کھانا آپ کی جلد ، جگر اور دل کیلئے نہایت مفید ہے ۔ ٹماٹر کا ماسک بھی چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے ۔ اس مقصد کیلئے چار پانچ عدد ٹماٹر گرائنڈر میں ڈال کر اچھی طرح پیس لیں اور پھر اس میں ایک گلاس پانی ڈال کر دوبارہ اچھی طرح بلینڈ کریں ۔ کسی ململ کے کپرے سے ٹماٹر کے گودے کو چھان لیں ۔ یوں آپ کے پاس ٹماٹر کا جوس بچ جائے گا ۔ اس جوس میں پانچ چمچ چینی اور پانچ چمچ گلیسرین ڈال کر اسے ہلکی آنچ پر آہستہ آہستہ پکائیں ۔ جب گاڑھا ہونے لگے تو اتار کر ٹھنڈا کرلیں ۔ اس آمیزے کو کسی بوتل میں ڈالیں اور ماسک کی طرح استعمال کریں ۔ یہ ماسک آپ روزانہ استعمال کرسکتی ہیں ۔