سبری ملا مندر میں خاتون کو داخلے سے روک دیا گیا

عمر کے مسئلہ پر تنازعہ، آدھار کارڈ دکھانے کے بعد اجازت
سبری ملا 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں پٹنم تھٹھا کے سبری ملا مندر میں آج خصوصی پوجا کے موقع پر ایک نیا احتجاج شروع ہوگیا جب احتجاجیوں نے ایک عورت کو اس کی عمر کے مسئلہ پر ڈھکیل دیا جس کے بعد چیف منسٹر پنارائی وجئن نے الزام عائد کیاکہ سنگھ پریوار سے ملحقہ تنظیمیں اس ریاست کے فرقہ وارانہ تانے بانے کو تار تار کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ وجئن نے خبردار کیاکہ ’گڑ بڑ پیدا کرنے والے اشرار سے حکومت انتہائی سختی کے ساتھ نمٹے گی‘۔ احتجاجیوں نے کہاکہ تھریسور سے تعلق رکھنے والی 52 سالہ للیتا جو پہاڑی کے دامن میں واقع اس مندر کی 18 سیڑھیاں عبور کرچکی تھی، اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ بول رہی ہے۔ اس کو عمر ثابت کرنے اپنا آدھار کارڈ دکھانے کے لئے مجبور کیا گیا اور پولیس نے عمر سے متعلق للیتا کے دعوے کی توثیق کی۔ بعدازاں احتجاجیوں نے اس خاتون سے معذرت خواہی کی اور درشن کے لئے اپنے ساتھ مندر لے گئے۔