سبری مالا مسئلہ پر بی جے پی کا مارچ تشدد میں تبدیل

تھرواننتاپورم 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سبری مالا مسئلہ پر یہاں پیر کو بی جے پی کا ’سکریٹریٹ مارچ‘ تشدد میں تبدیل ہوگیا جس پر پولیس کو احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آبی توپ اور آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ اس دن اسی مسئلہ پر کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف کی جانب سے بھی ریاستی اسمبلی تک ایک مارچ کیا گیا۔ بی جے پی اور یو ڈی ایف نے علیحدہ مارچ کرتے ہوئے سبری ملا کے اطراف امتناعی احکام سے دستبرداری کے لئے ان کے قائدین کی جانب سے کئے جارہے احتجاج کو ختم کرنے کے لئے ایل ڈی ایف حکومت سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کے کارکنوں نے پولیس ملازمین پر سکریٹریٹ کے باہر اُس وقت پتھراؤ کیا جب پولیس نے انھیں مزید آگے جانے سے روک دیا تھا۔ احتجاجیوں نے نعرے لگاتے ہوئے بی جے پی جنرل سکریٹری اے این رادھا کرشنن کی آٹھ روزہ طویل بھوک ہڑتال کو ختم کرنے کے لئے حکومت سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی کارروائی پر احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی ورکرس نے جنرل سکریٹری شوبھا سریندرن اور تھرواننتاپورم ڈسٹرکٹ یونٹ صدر ایس سریش کی قیادت میں سڑک پر بیٹھ گئے اور نعرے بلند کئے۔