ممبئی ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وردھیمان ساہا نے بروقت فام حاصل کرتے ہوئے جارحانہ سنچری بنائی اور کیپٹن چتیشور پجارا کے ساتھ 203 رنز کی غیرمختتم رفاقت نبھاکر ریسٹ آف انڈیا کو گجرات کے خلاف ایرانی کپ میچ کے آج یہاں چوتھے روز اپنی ٹیم کو عمدگی سے وننگ ٹارگٹ کی طرف گامزن کردیا ہے۔ نمبر 6 پر بیٹنگ کرتے ہوئے جبکہ ریسٹ ٹیم جیت کیلئے 379 کے تعاقب میں 63/4 کی نازک صورتحال سے ہوگئی تھی، 32 سالہ ساہا نے شاندار جوابی وار کیا اور 123 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ وہ 214 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور 16 چوکے لگاچکے ہیں۔ برابورن اسٹیڈیم میں دن کا کھیل ہونے تک ممکنہ 84 اوورز میں 266/4 اسکور ہوچکا ہے۔ پجارا جو فرسٹ اننگز میں رانجی چمپینس کے 358 کے جواب میں ریسٹ ٹیم کے 226 میں 86 کا ٹاپ اسکور کئے تھے، 181 گیندوں میں 83 پر دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمین ہیں۔ اس طرح ریسٹ آف انڈیا کو ایرانی کپ جیتنے کیلئے درکار مزید 113 رنز کل آخری روز بن جانے کی اُمید ہے۔