اُناؤ (اترپردیش) 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے یہ کہتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی کو چیلنج کیاکہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں وہ ان کیخلاف مقابلہ کریں۔ اگر انھیں شکست ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ بی جے پی کے اس رکن پارلیمنٹ نے اتوار کو میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ’’میں راہول گاندھی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ 2019 ء کے عام انتخابات میں اُناؤ سے میرے خلاف مقابلہ کریں۔ اگر وہ جیت گئے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا لیکن اگر انھیں شکست ہوجائے تو انھیں ہندوستان چھوڑ کر اٹلی چلے جانا چاہئے‘‘۔ اناؤ کے ایم پی نے اس سال ستمبر کے اوائل میں مانسروور یاترا کو مبینہ طور پر پاکیزگی برقرار رکھے بغیر شروع کرنے پر بھی راہول گاندھی پر تنقید کی۔ ساکشی مہاراج نے کہاکہ ’’ہم ان کی یاترا کی مخالفت نہیں کررہے ہیں۔ بی جے پی ایسا کیوں کرے گی لیکن شاستر میں یہ لکھا ہوا ہے کہ اس طرح کی یاترا کیلئے پاکیزگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھیں یاترا کرنے سے پہلے پاک صاف ہونا چاہئے تھا۔