سانگلی ‘ جلگاوں میونسپل انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی

ممبئی 3 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں بی جے پی نے آج جلگاوں میونسپل انتخابات میں اپنی ہی حلیف شیوسینا کو پچھاڑ دیا ہے ۔ اس نے 75 رکنی بلدیہ میں 57 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس کے علاوہ اس نے سانگلی میونسپل انتخابات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی ۔ یہاں 78 نشستوں میں پارٹی کو 41 پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ریاست اور مرکز میں شیوسینا کی اتحادی جماعت بی جے پی نے جلگاوں میونسپل کارپوریشن میں 75 میں 57 پر کامیابی حاصل کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ شیوسینا کے مقامی طاقتور لیڈر کی خاندیش وکاس اگاڑی کا کئی برسوں سے جلگاوں میونسپل کارپوریشن پر قبضہ تھا ۔ اس کو اب صرف 13 نشستوں پر کامیابی مل پائی ہے ۔ اس کے پہلے یہاں 36 ارکان تھا ۔ این سی پی کے پہلے یہاں 11 ارکان تھے لیکن اب اسے ایک بھی نشست نہیں مل پائی ہے ۔ جلگاوں میں کانگریس مسلسل دوسری مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائی ہے ۔ سانگلی ۔ میرج میونسپل کارپوریشن میں بھی بی جے پی نے اچھا مظاہرہ کیا ہے اور یہاں اس نے 78 کے منجملہ 41 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہاں کانگریس کو اقتدار تھا اور اسے اب صرف 20 نشستیں ملی ہیں۔ این سی پی کو 15 پر اکتفا کرنا پڑا ۔