سانحہ پشاور ‘ نیوزی لینڈ ٹیم نے انعامی رقم روانہ کی : یونس

کراچی۔ 22؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ وہ جلد سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کریں گے۔ سابق کپتان نے کہا کہ کیوی ٹیم کے کھلاڑی بھی افسوس ناک سانحہ پر افسردہ تھے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی طرح سانحہ پشاور سے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی دکھ اور افسوس ہوا۔ حریف ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے پانچ مقابلوں کی انعامی رقم اور فاسٹ بالر ایڈم ملن نے ایک میچ کی رقم ان کے حوالے کی ہے، جسے وہ جلد پشاور جاکر پاک فوج کے حوالے کریں گے۔ورلڈ کپ 2015 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ انکی کوشش ہوگی کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔سبکدوشی کے حوالے سے منصوبہ بنایا ہے جسکا اعلان بعد میں کریں گے۔