سامیولس کی ناقابل تسخیر سنچری، ویسٹ انڈیز 321/6

کوچی 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم نے ہندوستان کے دورہ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے یہاں کوچی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ پہلے ونڈے میں مہندر سنگھ دھونی کی جانب سے ٹاس جیت کر بیاٹنگ کے لئے مدعو کئے جانے کے بعد مقررہ 50 اوورس میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز اسکور کئے۔ ٹیم کے لئے مارلون سامیولس نے کلیدی مظاہرہ کیا۔ جیسا کہ انھوں نے 116 گیندوں میں 126 رنز کی غیر مفتوح اننگزکھیلی جس میں انھوں نے 11 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ سامیولس نے اپنے کرئیر کی چھٹی سنچری اسکور کرنے کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش رامدین کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لئے 165 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی اور اِس دوران دونوں بیٹسمنوں نے 23.1 اوورس کا سامنا کرتے ہوئے فی اوور 7.12 کی اوسط سے رنز اسکور کئے۔ اِس پارٹنرشپ میں سامیولس نے 92 رنز کا تعاون دیا جبکہ رامدین نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ رامدین نے 59 گیندوں میں 5 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ دیگر بیٹسمنوں میں اوپنر ڈیون اسمتھ نے 45 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کے ہمراہ 46 رنز اسکور کرنے کے علاوہ دوسری وکٹ کے لئے ڈیرن براوؤ کے ہمراہ 64 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو ایک مستحکم شروعات فراہم کی۔ براوؤ نے 45 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز اسکور کئے۔ ڈیرن سمی نے آخری اوورس میں تیز رفتار بیاٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھ گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 10 رنز اسکور کئے۔ وکٹوں کے حصول کے اعتبار سے محمد سمیع کامیاب بولر ثابت ہوئے تاہم وہ 64/4 کے ذریعہ 9اوورس میں مہنگے بولر بھی ثابت ہوئے۔بھونیشور کمار 10 اوورس میں 38 رنز کے عوض ایک وکٹ لی جبکہ اِن کے ساتھی بولر موہت شرما 9 اوورس میں 61 رنز دیئے۔