سامیلس نے ویسٹ انڈیز کو بکھرنے سے بچالیا

سینٹ جارجس ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مارلن سامیلس نے ویسٹ انڈیز کے مکمل بیٹنگ بکھراؤ کو اپنے معیاری 94 ناٹ آؤٹ رنز کے ذریعے بچا لیا جس کی مدد سے میزبان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے منگل کو گریناڈا کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ دن کے اختتام تک 188/5 اسکور کرلئے۔ زائد از 14 سال پر محیط کیریئر کی 100 ویں ٹسٹ اننگز کھیلتے ہوئے 34 سالہ رائٹ ہینڈر کل یہاں توسیعی اختتامی سیشن میں اس حد تک غالب رہے کہ دنیش رامدین کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے اُن کی 59 رنز کی غیرمختتم رفاقت میں کیپٹن کی حصہ داری محض 6 رنز کی ہے۔ سامیلس جو لنچ سے قبل کریز پر آئے جبکہ ویسٹ انڈیز دو ابتدائی جھٹکوں کے بعد متزلزل تھا، میدان پر اپنے تمام وقت کبھی مشکل میں دکھائی نہ دیئے اور انگریزوں کے خلاف اپنے شاندار ریکارڈ کو ایسی اننگز کے ساتھ برقرار رکھا جس میں زیادہ تر وہ محتاط انداز میں کھیلے اور پھر رامدین وکٹ پر آنے کے بعد سلسلہ وار جارحانہ اسٹروکس بھی کھیلے۔ انھوں نے انگلینڈ کے خلاف چھ گزشتہ ٹسٹ میچوں میں 69.00 کے اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ قبل ازیں انگلش ٹیم کی طرف سے کپتان السٹیر کک نے ٹاس جیت کر میزبانوں کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ میں ابتدائی کھیل بارش کی وجہ سے متاثر ہوا، ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، صرف 74کے اسکور پر ان کے 4کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ ڈارن براوو نے 35، جرمین بلیک ووڈ نے 26 رنز بنائے جبکہ اوپنرس کریگ براتھویٹ (1) اور ڈیوان اسمتھ (15) کے علاوہ سینئر بیٹسمن شیونرائن چندرپال (1) بری طرح ناکام ہوئے۔ پہلے روز انگلش ٹیم کی جانب سے فاسٹ بالرز چھائے رہے، جن میں کرس جارڈن نے 2، جیمس اینڈرسن، اسٹوارٹ براڈ اور بین اسٹوکس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔