محبوب نگر ۔ یکم جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب نگر میں سال 2015 میںجرائم کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اور نئے سال میں جرائم کی شرح میں کمی کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان عزائم کا انکشاف ضلع ایس پی وشوا پرساد نے اپنے دفتر میں صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کیا کہ 2015ء میں عید و تہوار کے موقعوں پر اخوت اور بھائیچارگی کا ماحول رہا جبکہ پولیس مجرم عناصر پر کڑی نظر رکھی ہوئے ہے ۔ انہوں نے سڑک حادثات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ہائی وے 44 طویل رقبہ رکھتی ہے جس پر ہونے والے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے جدید ٹکنالوجی سے مدد لی جائے گی ۔ ریتی کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف سخت ترین اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع پولیس کی ستائش کی کہ 2015 میں 260 بچہ مزدوروں کو رہا کرایا گیا ۔ رشوت کیسیس میں ملوث پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ضلع میں 2015 کے دوران جائیداد کے جھڑوں میں قتل کے 20 واقعات ہوئے جبکہ آپسی رقابت نے 162 افراد کی جان لے لی ۔ قمار بازی کے تحت 101کیسیس درج ہوئے ۔ 750 افراد گرفتار کئے گئے ‘40لاکھ سے زائد نقد رقم ضبط کی گئی ۔ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں پر 1713 کیسیس درج کئے گئے اور 22لاکھ سے زائد رقم بطور جرمانہ وصول کی گئی ۔ انہوں نے شی ٹیموں کی ستائش کی اور کہاکہ خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں گرفتار 180 نوجوانوں کی کونسلنگ کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے اکثر مقامات پر سی سی کیمرے نصب کئے گئے جن کے ذریعہ مجرموں پر نظر رکھنے میں آسانی ہوئی ہے ۔ اس موقع پر اے ایس پی سرینواس راؤ ‘ ڈی ایس پی کرشنا مورتی و دیگر موجود تھے ۔