سال نو کے جشن کیلئے پولیس کے وسیع انتظامات

حیدرآباد۔/30ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سال نو کے جشن کے موقع پر شہر میں سٹی پولیس نے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سال نو کا جشن جوش و خروش سے منائیں اور ساتھ ہی ڈرائیونگ میں احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا کہ حالت نشہ میں ڈرائیونگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے دونوں شہروں میں 50خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں
جو شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے بریتھ انالائزر مشین کے ذریعہ نشہ میں ڈرائیونگ کا پتہ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال نو جشن کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس کے 15000 پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پر متعین کیا جارہا ہے۔ جشن سال نو کا انعقاد کرنے والے ایونٹ مینجمنٹ کو چاہیئے کہ عوام کی سیکورٹی سے متعلق اقدامات کریں۔ کمشنر نے انتباہ دیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مینجمنٹس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائیگی اگرچہ وہ پُرہجوم عوام کے داخلے اور حد سے زیادہ ٹکٹس کی فروخت میں ملوث پائے جائیں۔ کمشنر نے بتایا کہ دونوں شہروں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے تحدیدات عائد کی جارہی ہیں جسکے تحت شہر کے تمام فلائی اوورس کو رات میں بند کردیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ 31 ڈسمبر کو رات دیر گئے شہر میں ٹراویل بسیس، لاریوں اور ہیوی لوڈنگ گاڑیوں کے داخلے پر امتناع رہے گا۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کی عوام کو سال نو کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پُرامن اور خوشگوار ماحول میں سال نو کا جشن منانے کا مشورہ دیا۔