اشرار پر نظر رکھنے اور پولیس کو مطلع کرنے آٹو وٹیکسی ڈرائیورس کو ہدایت
ممبئی۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے جشن سال نو کے موقع پر 31 ڈسمبر کی شب خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کااعلان کیا ہے ۔ شیوسینا سے ملحق ڈرائیورس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سال نو کے موقع پر ان کی خدمات سے استفادہ کرنے والی خاتون مسافرین کی حفاظت کریں۔ شیوسینا میں ٹرانسپورٹ شعبہ کے صدر ’شیو واہتک سینا‘ کے صدر حاجی عرفات شیخ نے کہا کہ ’’16 ہزار آٹو رکشا اور 10 ہزار ٹیکسی ڈرائیورس اس شعبہ کے رکن ہیں جو 31 ڈسمبر کی شب پارٹی ہدایات کی پابندی کریں گے۔ ہم اپنے تمام ڈرائیورس کو ہدایت دے چکے ہیں کہ یہ ان کی ذمہ داری ہوگی کہ ہر خاتون مسافر سال نو کا جشن منانے کے بعد بحفاظت گھر پہنچ جائے۔ عرفات شیخ نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اپنے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیرسماجی عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ان کی سرگرمیوں سے پولیس کو باخبر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے طور پر خواتین کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کی ہے کیونکہ آٹو اور ٹیکسی ڈرائیورس ہی موثر انداز میں شر پسندوں پر نظر رکھ سکتے ہیں کیونکہ وہ شہر کے چپے چپے کی گشت کرتے ہیں۔