لاہور۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب 8 اگست کو کراچی میں منعقد ہوگی ،آکشن کمپنی کے تعاون سے ہونیوالی ایوارڈ ز تقریب میں کھلاڑیوں کو مالامال کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیاہے جبکہ یادگار اشیا کی نیلامی بھی کی جائے گی۔تفصیلات کے بموجب سالانہ ایوارڈز تقریب میں بیٹسمین اور کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے فخر زمان مضبوط امیدوار ہیں۔بہترین بولر کا انعام حسن علی کے حصے میں آنے کا امکان ہے۔ پاکستان کے نمبر ون آل راؤنڈر کیلئے شاداب خان اور فہیم اشرف میں سخت مقابلہ ہے۔ ابھرتے کھلاڑی کے زمرے میں اوپنر امام الحق کا نام سرفہرست ہے۔تقریب میں کھلاڑیوں کو ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر اورٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔تقریب کی تفصیلات اور ایوارڈ ز کے ساتھ دئیے جانیوالے انعامات کی تفصیلات کو ایک دو روزمیں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ذرائع کے بموجب اس مرتبہ بہترین کارکردگی والے کھلاڑیوں کی انعامی رقم میں اضافہ کیاجائے گا۔پی سی بی اس وقت کھلاڑیوں کو مالی طور پر مزید مستحکم کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے ،ایک دو روز میں نئے سنٹرل کنٹریکٹس کا اعلان بھی متوقع ہے جس میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں ہوشربا اضافہ کیا گیاہے۔سنٹرل کنٹریکٹس کی رقم میں اضافے کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں زیادہ انعامی رقم کا ملنا بہترین کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کا باعث ہو گا جس کے کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔