حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) ٹولی چوکی کے علاقہ سالارجنگ کالونی کے ایک مکان میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی جہاں نامعلوم سارقوں نے مکان سے تقریباً 5 لاکھ روپئے نقد رقم اور تقریباً 20 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا ۔ تاہم ایک کروڑ کے ہیرے کے زیورات کے سرقہ کی شکایت بھی ہے ۔ سرقہ کی اطلاع پاکر ایڈیشنل ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ناگراج انسپکٹر لنگر حوض عبدالجاوید دیگر سالارجنگ کالونی پہونچ گئے اور اس مکان کا معائنہ کیا جہاں سرقہ کی واردات انجام دی گئی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ویسٹ زون نے بتایا کہ سنجیت اگروال کے مکان میں سرقہ کیا گیا ۔ کل رات اگروال اپنے افراد خاندان کے ساتھ سال نو کے جشن میں شرکت کیلئے رشتہ داروں کے مکان گیا تھا اور واپسی پر اسے سرقہ کا علم ہوا ۔ نامعلوم سارقوں نے مکان کی کھڑکی کو توڑ کر الماری سے سرقہ کرلیا تاہم ہیرہ کے زیورات کے تعلق سے صبح تک اطلاعات نہیں ملی کہ آیاوہ چوری ہوگیں یا پھر اگروال کے والدین کے قبضہ میں ہے جو گجرات اپنے آبائی مقام گئے ہوئے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی نے بتایا کہ سنجیت اگروال انٹیل انڈسٹری کا تاجرہے جو گذشتہ20 سال سے سالارجنگ کالونی میں رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارہا سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے تعلق سے شہروں میں آگہی و شعور بیداری کے باوجود شہریوں کی لاپرواہی جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب سالارجنگ کالونی میں سی سی ٹی وی کیمروں کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ تاکہ محفوظ کالونی کے ارادہ کو پورا کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ مقام واردات سے فنگر پرنٹ حاصل کرلئے گئے ہیں اور سارقوں کی تلاش شروع کردی گئی ۔