ساس کے قاتل داماد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

یلاریڈی۔ 9 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ساس کو قتل کرنے والے داماد کو گرفتار کرنے کا مقتول کے رشتہ داروں نے مطالبہ کیا۔ قاتل کی گرفتاری تک نعش کو نہ ہٹانے کی ضد پر اڑے رہے۔ تفصیلات کے مطابق منڈل ناگی ریڈی کی پوچو ورکا داماد کاشی رام کے ہاتھوں بے دردی کے ساتھ قتل کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے کی غرض سے پہونچے یلاریڈی کے سرکل انسپکٹر مسٹر رام کرشنا نے صبح پہنچ کر مقام واردات کا معائنہ کیا۔ نعش کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کرنے کی کوشش کرنے پر افراد خاندان نے پولیس کو روک دیا اور قاتل کو گرفتار کرنے تک نعش کو نہ ہٹانے پر بضد رہے۔ کافی دیر بعد بزرگ افراد اور پولیس کے سمجھانے پر افراد خاندان نے مان گئے۔ بیوی کو ازدواجی زندگی کیلئے نہ روانہ کرنے پر ساس کو قتل کرنے کا پولیس شبہ کررہی ہے۔

سرکل انسپکٹر راما کرشنا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ پوچوور کی بیٹی ناگامنی دو سال قبل کاشی رام سے محبت کے بعد شادی کرلی تھی جس پر کاشی رام کے افراد خاندان ناراض تھے اور کاشی رام نے اپنی بیوی کے ساتھ سسرال میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔ چند دنوں سے بیوی کو اپنے گھر لے جانے کی بات کرنے لگا تھا جس کو بیوی کے ساتھ ساس نے نہیں مانا جس پر ساس سے دشمنی بڑھ گئی اور پھر ساس کو تنہا دیکھ کر اسے قتل کرڈالا اور پولیس نے تالاب میں ڈھونڈ کر نعش نکالی۔ متوفی کے خاندان والوں نے شکایت کی اور کہا کہ قاتل کو جلد از جلد گرفتار کرے۔ اس موقع پر ایس آئی مسٹر وجیندر، پروبیشنری ایس آئی سندیپ ریڈی بھی موجود تھے۔