سارقین ‘ اے ٹی ایم اور 11لاکھ روپئے کے ساتھ فرار

سریکاکلم۔7ستمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ضلع سریکاکلم میں نامعلوم افراد نے ایک قومیائے ہوئے بینک سے اے ٹی ایم مشین کا ہی سرقہ کرلیا جس میں تقریباً 11لاکھ روپئے موجود تھے ‘ یہ واقعہ کتورو میں پیش آیا ۔ پولیس نے کہا کہ سارقین آج صبح کی اولین ساعتوں میں اے ٹی ایم کیبن میں داخل ہوئے اور وہاں نصب شدہ سی سی ٹی وی کیمروں پر کیچڑ ڈال دیا ‘ بعد ازاں اے ٹی ایم مشین اکھاڑ لے گئے ۔ بینک عہدیداروں نے پولیس سے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق مسروقہ اے ٹی ایم میں 10لاکھ 87 ہزار 800روپئے موجود تھے ۔ خاطیوں کی تلاش اور شناخت کیلئے پولیس نے اسنفرڈاگس کو متحرک کردیا ہے ۔