سارقین کی گبرسنگھ ٹولی کارکن انجیا گرفتار

حیدرآباد /3 جون ( سیاست نیوز ) سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ گبر سنگھ ٹولی کے رکن کو راجندر نگر کی سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 65 سالہ کے انجیا ساکن راجندر نگر گذشتہ دو سال میں قفل شکنی کے ذریعہ 14 سرقے کی وارداتیں انجام دی ۔ پولیس نے بتایا کہ انجیا بدنام زمانہ گبر سنگھ ڈاکوؤں کی ٹولی کا رکن ہے اور اس کا بھائی کے یادیا عرف گبرسنگھ جو خطرناک ڈاکو تھا 10 سال قبل حادثہ میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ 90 کے دہے میں مذکورہ ٹولی نے حیدرآباد ، رنگاریڈی اور اطراف و اکناف علاقوں میں سنسنی خیز ، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں انجام دی تھی ۔ اس ٹولی کے تقریباً ارکان نرسمہا ، راملو ، ویمولا کشٹیا ، وی کرشنا ، کے چنا رامیا، کے جنگیا نے پولیس کو سر درد ثابت ہوئے تھے جبکہ اس ٹولی کے کئی ارکان فوت ہوچکے ہیں ۔ لیکن 65 سالہ کے انجیا اپنے حرکتوں سے باز نہ آیا ہنوز مفقل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے سرقے کر رہا تھا ۔ راجندر نگر کی سی سی ایس پولیس نے انجیا کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضہ سے 56 تولے طلائی زیورات اور 500 گرام چاندی برآمد کرلی ۔