حیدرآباد۔/6فبروری، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے بین ریاستی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی عادی سارقین کی پانچ رکنی ٹولی محمد ابراہیم، ترلوک سنگھ ناتھ، محمد جعفر شیخ، گوپال ببلو سبا راؤ، بھویش مہادیو گائیکار نے سائبرآباد علاقہ میں سال 2013 میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث تھے انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد جعفر شیخ نے عابڈز جگدیش مارکٹ میں موبائیل فون ریپیرنگ کا کاروبار شروع کیا۔ نومبر سال 2016 میں سہیل بنگلور جیل سے رہا ہونے کے بعد حیدرآباد پہنچ کر جعفر شیخ سے ملاقات کی اور دونوں نے دوبارہ سرقہ کا منصوبہ تیار کیا جس میں ترلوک سنگھ ناتھ، گوپال ببلو، بھویش مہادیو کی مدد حاصل کی۔ مذکورہ ٹولی نے جنوری سال 2017میں چکڑ پلی علاقہ میں قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوکر سرقہ کی چار وارداتیں انجام دی ۔ پولیس نے چار مقدمات درج کئے تھے۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے آدھا کیلو طلائی زیورات، آدھا کیلو چاندی، لیپ ٹاپ، موٹر سیکلس اور موبائیل فونس برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کردیا۔