کولکتہ ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل رائے نے آج کہا کہ اگر پارٹی کا رابطہ ساردا فریبی اسکیم کے اسکام سے ثابت ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ مکل نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم (ٹی ایم سی) نہ چور ہیں اور نہ دھوکہ باز ۔ اگر ہماری پارٹی کا رول کسی بھی حالات میں ثابت ہوتا ہے تو میں سیاست سے کنارہ کش ہوجاؤں گا‘‘۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آیا ساردا ممتا بنرجی کا جرم ہے؟ نہیں۔ اگر ممتا بنرجی نے سدیپتا سین کو روکنے کی کوشش نہ کی ہوتی تو کیا وہ گرفتار ہوتے۔ مکل نے الزام عائد کیا کہ آزادی کے بعد سے سی بی آئی کو ہمیشہ مرکز کی جانب سے سیاسی فوائد کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ یہاں بھی سی بی آئی کو ٹی ایم سی کے امیج کو بگاڑنے کیلئے استعمال کیا گیا۔اس طرز عمل پر احتجاج کیلئے ہمارے پارٹی ورکرس 19 تا 22 ستمبر ہر گاؤں، بلاک اور ٹاؤن میں سڑکوں پر آئیں گے۔