ممبئی ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سچن تنڈولکر جو اپنی زندگی کے بارے میں ڈاکیومنٹری کی تیاری میں بہ نفس نفیس شامل ہوکر اپنے فلم کیرئیر کی شروعات کرنے جارہے ہیں ، انھیں ایسی قیاس آرائی پر رنج ہوا ہے کہ اُن کی بیٹی سارا شوبز میں شامل ہورہی ہے ۔ ’’میری بیٹی سارا اپنی تعلیمی مصروفیتوں سے خوش ہے ۔ اُس کی فلموں میں شمولیت کے تعلق سے تمام تر بے بنیاد قیاس آرائی پر دکھ ہوا ہے ‘‘ تنڈولکر نے ان الفاظ کے ساتھ ٹوئیٹ کیاہے ۔ ایسی افواہیں گرم ہیں کہ 17 سالہ سارا اپنے بالی ووڈ کیرئیر کی شروعات شاہد کپور کے مقابل آنے والی فلم کے ساتھ کرنے والی ہیں ۔ دریں اثناء سچن خود اپنے فلم کیرئیر کے آغاز کے تعلق سے پرجوش ہیں ۔ مارچ میں ماسٹر بلاسٹر نے اپنے پرستاروں کو دعوت دی تھی کہ اُن کی زندگی کے بارے میں ڈاکیومنٹری کیلئے کوئی عنوان تجویز کریں ، جس کا خاکہ ممبئی کی پروڈکشن کمپنی 200 Not Out نے ورلڈ اسپورٹس گروپ کے ساتھ اشتراک میں پیش کیا ہے ۔ ڈبلیو ایس جی وہی فرم ہے جو برانڈ سچن کا مینجمنٹ چلاتی ہے ۔ یہ فلم جس کے ہدایت کار لندن کے رائٹر ۔ فلم میکر جیمس آرسکین ہے ، کرکٹ لجنڈ کے بارے میں ایسے حقائق اور ایسی معلومات کو روشناس کرانے کا وعدہ کرتی ہے جس سے عام دنیا واقف نہیں ۔ اس فلم میں اپنی موجودگی کے علاوہ تنڈولکر بتایا جاتا ہے کہ اس پراجکٹ کو آگے بڑھانے کیلئے کافی دلچسپی لے رہے ہیں ، جس میں خاص طورپر دنیائے کرکٹ میں اُن کے مثالی عروج کو پیش کیاجائے گا ۔