سادہ بیع ناموں کے درخواستوں کی مکمل جانچ کا حکم

کریم نگر میں جائزہ اجلاس سے جوائنٹ کلکٹر سری دیوا مینا کا خطاب
کریم نگر۔/3جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سادہ بیع ناموں کی باقاعدگی کے لئے داخل کردہ درخواستوں کی ریونیو عہدیدار انتہائی باریک بینی سے جانچ کررہے ہیں۔ پچھلے دو تین دنوں سے درخواستوں کی جانچ پڑتال میںو سعت پیدا کردی گئی ہے۔ جوائنٹ کلکٹر سری دیوا مینا نے اس سلسلہ میں تحصیلداروں، آر ڈی او اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور سادہ بیع ناموں، درخواستوں کی مکمل جانچ کرنے کا حکم دیا۔ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی غلطی کی جان بوجھ کر یا انجانے میں کسی بھی بدعنوانی کے سلسلہ میں شکایت آنے پر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کا انتباہ دیا۔ درخواست میں خامی ہو، قاعدے کے مطابق نہ ہو تو انہیںرد کردیا جائے اور درخواست گذار کو مطلع کیا جائے۔ اسی لئے تحصیلدار ہر درخواست کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ رہائش سے متعلقہ کچھ درخواستوں کو بھی رد کردیا جارہا ہے۔ جھگڑے متنازعہ عدالت میں جاری مقدمات کی اراضیات کی بھی باقاعدگی سے بھی انکار کردیا جارہا ہے۔ موروثی جائیداد کی تقسیم کے بعد ورثا کی جانب سے فروخت اور اسے خریدی جانے والی اراضیات کی درخواستوں کو بھی بازو رکھ دیا جارہا ہے۔ بہت بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں اس لئے شاید ایک ماہ تک اس کی جانچ پڑتال میں وقت لگے گا۔ سادہ بیع نامہ کی باقاعدگی کیلئے 10جون سے 22تک درخواستیں قبول کرلی گئیں۔ ضلع میں 247535 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ کریم نگر ڈیویژن 110894، جگتیال 51655 سرسلہ 25435 پداپلی 40272 منتھنی ڈیویژن 19249 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس میں سے 30فیصد تک درخواستیں قاعدے کے مطابق نہیں ہیں۔ چار سال پہلے خریدے گئے ایسی اراضیات جن کے سادہ بیع نامے میں ان کی باقاعدگی کے لئے کچھ درخواستوں پر ان کی ملکیت وارثوں کی جانب سے بھی اعتراضات کرتے ہوئے درخواستیں دی گئیں اس میں ورثا کے اعتراض ہے کہ ان کے علم و اطلاع کے بغیر ہمارے والد نے فروخت کیا ہے اس پر جعلی دستخط ہیں۔ اس طرح کی مختلف شکایتیں ملنے سے ان کی پوری طرح سے چھان بین کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں جوائنٹ کلکٹر نے سختی سے احکامات دیئے ہیں۔