کوچی۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) تملناڈو کے ایک ماہی گیری ٹرالر کو جس میں 9 ماہی گیر سوار تھے اور جو سمندر میں تموج اور انجن میں خرابی پیدا ہوجانے کی وجہ سے 6 جون سے لاپتہ تھا، بحفاظت ساحلی محافظین کے بحری جہاز میں ناسازگار موسم کے باوجود بچاکر ساحل پر پہنچا دیا۔ ساحلی محافظین کے ایک صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ویزن جام کے ساحلی محافظین کو مصیبت میں پھنس جانے کی اطلاع پر مبنی سگنل ماہی گیروں کے ٹرالر سے وصول ہوا تھا۔ان کی کشتی ویزن جام سے 17 بحری میل کے فاصلے پر تھی۔ ساحلی محافظین کے جہاز نے ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے تیز رفتار آندھی اور موسلادھار بارش کے باوجود ماہی گیروں کی کشتی کو بچا لیا۔