سابق 16 وزراء کو تخلیہ کے تازہ احکام

نئی دہلی8 اگست (سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے یو پی اے کے 16 سابق وزراء کو اُن کے بنگلہ خالی کردینے کیلئے تازہ احکام جاری کئے ہیں ۔ قبل ازیں فیصلہ کن نیم عدالتی کارروائی کے بعد ایسا کیا گیا تھا 16 سابق وزراء جو اب لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان بھی نہیں ہے انہیں مقدمہ کی متعلقہ نیم عدالتی اتھاریٹی کی جانب سے فیصلہ کن سماعت کے بعد تخلیہ کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ اربن ڈیولپمنٹ وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ایسے سابق وزراء میں اجیت سنگھ، کپل سبل،سریکانت جینا،کرشنا تیرتھ ،فاروق عبداللہ اور بینی پرساد ورما شامل ہیںجنہیں مزید تاخیر کے بغیر سرکاری قیام گاہ کے تخلیہ کے احکام حوالے کئے جاچکے ہیں۔ سابق وزراء گیراجا ویاس اور کرشنا تیرتھ نے شخصی طور پر اپنے معاملات کی پیروی کی ہے جبکہ کپل سبل ،اجیت سنگھ ،فاروق عبداللہ اور پلم راجو نے نیم عدالتی اتھاریٹی کو اپنی پیروی کیلئے نمائندے روانہ کئے تھے بعض سابق وزراء جیسے کپل سبل نے اطلاع دی تھی کہ انہوں نے اپنے بنگلے خالی کردیئے ہیں اور صرف رسمی کارروائیاں جیسے تخلیہ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا باقی ہے ۔ مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے لوک سبھا میںایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے ایوان کو اس کی اطلاع دی۔