کولکتہ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) سابق ہندستانی کرکٹر گوپال بوس کا اتوار کو لندن میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ 71 سال کے تھے ۔گوپال بوس نے ہندستان کے لئے واحد ایک روزہ میچ 1974 میں انگلینڈ کے خلاف اوول کے میدان پر کھیلا تھا۔ سابق رنجی کھلاڑی گوپال بوس بیوی کے ساتھ لندن میں اپنے بیٹے ارجیت کے پاس گئے تھے ۔ ہفتہ کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد انہیں ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں آج دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا۔گوپال بوس گردوں کے مسئلے سے بھی برسرپیکار تھے ۔ اپنے طویل اننگز کے لئے مشہور گوپال بوس فرسٹ کلاس کے ایک کامیاب کھلاڑی مانے جاتے تھے ۔ گوپال بوس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں کل 3،757 بنائے تھے ۔ انگلینڈ کے خلاف اپنے واحد ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بوس نے 13 رن بنائے تھے ۔بوس کولکتہ کرکٹ کلب آف دھاکریا کے اہم کوچ تھے ۔