سابق کھلاڑی خود اپنے نئے رول طئے کریں : گنگولی

کولکاتا ، 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق کیپٹن سورو گنگولی نے آج کہا کہ سابق ہندوستانی کرکٹرز کی مہارت سے یقینا قومی ٹیم میں بہتری لانے کیلئے استفادہ کیا جاسکتا ہے لیکن وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ آیا اُن کے پاس اس چیلنج بھری ذمہ داری کیلئے معقول وقت دستیاب ہوگا۔ حال میں لجنڈری سنیل گواسکر نے کہا تھا کہ راہول ڈراویڈ کو نیشنل ٹیم میں کوچنگ کا رول سنبھالتے ہوئے موجودہ ڈنکن فلیچر کی جگہ لینا چاہئے۔

گواسکر کے ریمارکس کے تعلق سے پوچھنے پر گنگولی نے کہا، ’’کیوں نہیں، جب آپ ڈراویڈ، (سچن) تنڈولکر اور (انیل) کمبلے جیسے کھلاڑی رکھتے ہیں۔ یہ سب کچھ اس پر منحصر ہے کہ وہ کس حد تک وقت دے سکتے ہیں۔ میرے خیال میں یہ ہر کرکٹر کا انفرادی فیصلہ ہونا چاہئے کہ وہ زندگی میں کیا چاہتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں یہ اُن ہی پر چھوڑ دینا چاہئے‘‘۔ انھوں نے مزید کہا: ’’مجھے یقین ہے آپ نے سنا ہوگا جو کچھ ڈراویڈ نے کل کہا کہ وہ ابھی ابھی ریٹائر ہوئے، ان کیلئے 11 ماہ متحرک رہنا مشکل ہوگا۔ وقار (یونس) نے پاکستان کی کوچنگ کی، آپ ان سے پوچھ سکتے ہیں کہ یہ کس قدر کٹھن ذمہ داری ہے‘‘۔