سابق کرکٹر گریگ لوریج نیوزی لینڈ کے امیر ترین شخص

ویلنگٹن ، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گریگ لوریج اپنے کیریئر کے پہلے ٹسٹ میں زخمی ہو گئے تھے۔ انھوں نے کرکٹ چھوڑی، بزنس کیا اور اب نیوزی لینڈ کے امیر ترین شخصیتوں میں سے ہیں۔ لوریج نے 1996ء میں زمبابوے کے خلاف لیگ اسپنر کی حیثیت سے پہلا ٹسٹ کھیلا، لیکن بدقسمتی سے اپنی 21ویں سالگرہ پر ایک گیند بھی نہیں پھینک پائے۔ بیٹنگ کے دوران ہنری او لونگا کی گیند ہاتھ پر لگنے سے ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ تاہم وہ 2002ء تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہے، پھر مایوس ہو کر انگلینڈ چلے گئے، جہاں انہوں نے تعلیم کے بعد بزنس شروع کیا۔ وہ اب مشہور پراپرٹی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور 40 ملین امریکی ڈالرز کے اثاثے کیساتھ امیر کیوی ہیں۔