2019ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس کو دو ہفتوں میں دوسرا بڑا دھکہ
گاندھی نگر۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے سابق چیف منسٹر شنکر سنہہ واگھیلا کے فرزند مہندر سنہہ واگھیلا نے جو کانگریس کے ٹکٹ پر دو مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں، آج بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل مہندر سنہہ واگھیلا کی بی جے پی میں شمولیت دو ہفتوں سے بھی کم مدت میں اپوزیشن پارٹی (کانگریس) کے لئے دوسرا بڑا دھکہ ہے۔ اس کے ایک سینئر لیڈر کنورجی بوالیہ نے 3 جولائی کو کانگریس سے استعفیٰ دے کر ریاست کی حکمران جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے فوری بعد انہیں کابینی وزیر بنا دیا گیا تھا۔ مہندر سنہہ نے بی جے پی میں شمولیت کے فوری بعد کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان (راہول گاندھی) کے کام کرنے کے انداز کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ ملک کی سب سے قدیم اور بڑی سیاسی جماعت کے مستقبل قریب میں احیاء کے امکانات نظر نہیں آتے۔ مہندر سنہہ 2007ء اور 2008ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ بیاڈ سے لگاتار دو مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر جیتندر واگھانی اعلان کیا کہ گجرات کے سابق چیف منسٹر شنکر سنہہ واگھیلا کے فرزند اور اسمبلی کے دو مرتبہ رکن رہے مہندر سنہہ بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ مہندر سنہہ نے اگست 2017ء میں منعقدہ راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس امیدوار احمد پٹیل کے خلاف ووٹ دیا تھا اور گزشتہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم انہوں نے کسی دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی اور نہ ہی کسی حلقہ سے انتخابی مقابلہ کیا تھا۔ بی جے پی میں شمولیت سے متعلق ایک سوال پر مہندر سنہہ نے جواب دیا کہ ’’(راہول) گاندھی کے کام کرنے کا انداز مستقبل قریب میں اس پارٹی (کانگریس) کا گجرات یا ملک کے کسی بھی دوسرے مقام پر احیاء نہیں کرسکے گا‘‘۔ مہندر سنہہ نے وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کی ستائش کی۔ یہ اہم سیاسی تبدیلی ایک ایسے وقت رونما ہوئی ہے جب امیت شاہ اپنی آبائی ریاست کے دورہ پر پہونچے ہیں۔ امیت شاہ کل رات دیر گئے یہاں پہونچے اور آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران لارڈ جگناتھ مندر میں پوجا کی۔ 2017ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل مہندر سنہہ نے بحیثیت رکن اسمبلی کانگریس میں عَلم بغاوت بلند کیا تھا جس کے نتیجہ میں 13 ارکان اسمبلی نے اس پارٹی کو چھوڑ دیا تھا۔