سابق ٹسٹ کھلاڑی ہیمنت کا انتقال

ممبئی۔10جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے ہندوستان کے سابق ٹسٹ کھلاڑی ہیمنت کانٹکر جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 15برس تک کرکٹ کھیلنے کے علاوہ 1974-75ء میں کلائیولائیڈ کی قیادت میں ہندوستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف 2ٹسٹ مقابلے کھیلے تھے گذشتہ رات ان کا پونے میں انتقال ہوگیا ۔ مہاراشٹرا کرکٹ اسوسی ایشن ذرائع کے بموجب ہیمنت کا 72سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے ۔نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے بنگلور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 65رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کے بعد دیگر تین اننگز میں ان کا 18 ‘ 8 اور 20رہا اور وہ دہلی میں بین الاقوامی کریئر کا آخری مقابلہ کھیلے تھے تاہم اس مقابلہ میں وہ بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے تھے ۔ مہاراشٹرا کیلئے انہوں نے 1978تک خدمات انجام دیں۔