نارائن پیٹ۔/21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کے سابق رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر مسٹر وائی یلاریڈی کا کل رات مختصر سی علالت کے بعد رات دیر گئے نمس حیدرآباد میں انتقال ہوا۔ ان کی عمر 76برس تھی۔ نارائن پیٹ اور مکتھل کے وہ تین مرتبہ رکن اسمبلی رہے۔ تلگودیشم دور حکومت میں وہ چندرا بابو نائیڈو کی وزارت میں کابینی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ نارائن پیٹ و مکتھل کے سیاسی اُفق پر نصف صدی تک چھائے رہے۔ معمر و بزرگ قائد عوام کے تمام طبقات میں یکساں مقبول تھے۔ بلالحاظ پارٹی وابستگی ان کے تمام سیاسی قائدین سے روابط تھے۔ انہوں نے اوٹکور گرام پنچایت کے سرپنچ کی حییثیت سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ مسٹر وائی یلاریڈی ہمیشہ غیر متنازعہ شخصیت رہے۔ ان کے سیکولر کردار کے سبب وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں میں بے حد مقبول تیھے۔ وہ عوام میں ہمیشہ گھل مل کر رہتے تھے۔ سادگی اور ملنساری خندہ پیشانی سے لوگوں سے ملاقات بزم خوئی ان کی ایسی صفات تھیں جو بھی ان سے ایک مرتبہ ملاقات کرتا گھل مل جاتا تھا۔ انہوں نے دولت و شہرت کے حصول کیلئے کبھی بھی سیاست نہیں کی۔ ان کے انتقال کی جیسے ہی اطلاع عام ہوئی نارائن پیٹ کے تمام بازار بند کردیئے گئے۔ آج شام ان کے آبائی مقام اوٹکور میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ان کی آخری رسومات میں شرکت اور آخری دیدار کیلئے ہزاروں عوام بلالحاظ مذہب و ملت امڈ کر آئے۔مسٹر وائی ایلاریڈی کے انتقال پر نارائن پیٹ کے سرکردہ مسلم قائدین مسرِز محمد ظہیر الدین، محمد امیر الدین ایڈوکیٹ، محمد منیر احمد فاروقی، مجاہد صدیقی، غلام محی الدین چاند، عبدالسلیم ایڈوکیٹ، محمد نواز موسی، خلیل احمد تاج، محمود قریشی، عبدالرحمن و دیگر نے اظہار تعزیت کیا ۔