فرخ آباد ۔/27نومبر،( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن پارلیمنٹ سچیدانند ہری ساکشی نے آج یہ ادعا کیا ہے کہ ایک این جی اوز کی جانب سے جسمانی معذؤرین کے آلات کی تقسیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کروائی جائیں گی۔ جبکہ یہ رضاکارانہ تنظیم سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور ان کی اہلیہ لوئیس چلاتی ہیں۔ انہوں نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خورشید کے ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل ٹرسٹ کی دھاندلیوں کی سی بی آئی تحقیقات کروائی گئی تو وہ یقینا جیل کی ہوا کھائیں گے تاہم سلمان خورشید اور ان کی اہلیہ نے ان کی این جی اوز میں بے قاعدگیوں کی تردید کی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اتر پردیش کے سینئر وزیر اعظم خاں کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا
جنہوں نے از راہِ مذاق کہا تھا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی شاہانہ انداز میں سالگرہ تقریب منانے کیلئے رقومات، عسکریت پسند گروپ طالبان اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم نے روانہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خاں کے اس بیان پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جانا چاہیئے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ اعظم خاں کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے اور ان کی وجہ سے پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا سماج وادی پارٹی سربراہ کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ اعظم خاں کو وزارتی ذمہ داری سے سبکدوش کردیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کالا دھن اور دہشت گردی کے مسئلہ کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کی جدوجہد میں ساری دنیا کے ممالک متحد ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نہ صرف ہندو بلکہ مسلمان بھی پریشان ہیں۔