ممبئی ؍ نئی دہلی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیردفاع منوہر پاریکر نے چندسابق وزرائے اعظم پر اپنے الزامات کے ذریعہ ایک طوفان کھڑا کردیا ہے کہ ان وزرائے اعظم نے ہندوستان کے قیمتی اثاثہ جات کے ساتھ سمجھوتہ کرلیا تھا۔ اس الزام پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے مطالبہ کیا کہ منوہر پاریکر کو ثبوت فراہم کرنا ہوگا بصورت دیگر وہ برسرعام معذرت خواہی کریں۔ تاہم منوہر پاریکر نے سابق وزرائے اعظم کے نام بتانے سے احتراز کیا۔ پاریکر بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیں۔ انہوں نے کل ممبئی میں ایک تقریب کے دوران متنازعہ ریمارکس کئے تھے جبکہ کوسٹ گارڈ آپریشن کا حوالہ دیا تھا کہ پاکستان سے آنے والی کشتی میں دھماکو اشیاء تھے۔ اس واقعہ سے متعلق انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں کیونکہ اس کے ذرائع اور معلومات کے تعلق سے سمجھوتہ کرلیا گیا ہے۔ کسی بھی علاقہ کو ایک گہرے اثاثہ جات بنانے کیلئے 30-20 سال درکار ہوتے ہیں لیکن افسوس ہے کہ بعض سابق وزرائے اعظم نے ان گہرے اہم اثاثہ جات کے ساتھ سمجھوتہ کرلیا تھا۔ منوہر پاریکر نے کہا کہ میں ان وزرائے اعظم کے نامظاہر کرنا نہیں چاہتا لیکن کئی لوگ جانتے ہیں کہ آخر یہ کون لوگ تھے کانگریس نے ان الزامات کو سنگین قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ وہ ثبوت پیش کریں اور برسرعام معذرت خواہی کریں۔