سابق نائب صدر فیفا جیک وارنر پر تاحیات پابندی

زیورخ ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے سابق نائب صدر جیک وارنر کو کرپشن میں ملوث ہونے پر فٹبال سرگرمیوں میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔ ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے 72 سالہ وارنر کریبین اینڈ نارتھ اینڈ سنٹرل امریکن فٹبال کے سربراہ تھے لیکن 2011ء میں اپنے عہدہ سے مستعفی ہو گئے تھے۔ وہ ان دنوں کرپشن پر امریکی الزامات سے نبرد آزما تھے اور انہوں نے ملین ڈالرز کی رشوت لینے کے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔ فیفا کے مطابق وارنر ماضی میں کئی بدعنوانیوں میں مسلسل ملوث ہوئے اور یہ سرگرمیاں دہراتے رہے۔ وارنر پر الزام ہے کہ وہ دو دہائیوں تک ورلڈ کپ کی بولی سمیت متعدد مواقع پر کرپشن و دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ 2018ء اور 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی کے حوالے سے فیفا کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں وارنر کے کردار پر جنوری 2015ء میں نظرثانی کی جائے گی۔