سابق نائب صدرنشین بلدیہ عوام کو پانی کی سربراہی میں مصروف

بلدی ہڑتال سے عوام کو مشکلات پر انور احمد کی ہمدردانہ خدمات
کاماریڈی ۔28 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سابق نائب صدرنشین بلدیہ کاماریڈی و ضلع وقف کمیٹی کے نائب صدر سید انور احمد گذشتہ 23 دنوں سے بلدی ملازمین کی ہڑتال پر عوامی خدمت کو انجام دیتے ہوئے پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے جدوجہد میں مصروف ہے شہر کاماریڈی کے وارڈ نمبر 3 سے تعلق رکھنے والے سید انور احمد کی اہلیہ وارڈنمبر 3 کی رکن بلدیہ اور وارڈ نمبر 3 میں پانی کی شدید قلت ہے۔ وارڈ نمبر 3 کے قدیم بس اسٹانڈ سیلانی بابا کالونی، پنچمکا ہنمان کالونی، بتکماں کنٹہ کے علاقہ میں عوام کو ہرروز مقامی بورویل کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ایم ایل سی محمد علی شبیر کی جانب سے منظور کردہ گوداوری اسکیم سے حالیہ چند دنوں سے کاماریڈی کے کئی وارڈوں میں پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے اور یہ سارا کام آئوٹ سورسنگ ملازمین دن بھر اپنے اپنے وارڈوں میں پائپ لائنوں کے ذریعہ ہر محلہ میں پانی سربراہ کرتے ہیں اور اس کیلئے ہر محلہ میں والس نصب کئے گئے ہیں اور یہ والس کو کھولنے کی صورت میں محلہ میں پینے کا پانی حاصل ہوتا ہے ۔ بلدی ملازمین کی ہڑتال پر سید انور احمد اپنے سارے کاروبار کو بند رکھ کر ان علاقوں میں گذشتہ 23 روز سے وال کھولنا اور بند کرنے کی خدمت انجام دیتے ہوئے ہر محلہ میں پینے کا پانی کے سربراہی کے نظام کو انجام دیتے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو پانی حاصل ہورہا ہے۔ سید انور احمد کی کارکردگی پر وارڈ نمبر 3، وارڈ نمبر 5اور وارڈ نمبر 2 کی عوام مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کی ستائش کررہے ہیں۔ جبکہ دیگر وارڈوں کے اراکین بلدیہ اپنی جانب سے پانی فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے اپنے حامی کو اس خدمت میں مصروف رکھا تو انور احمد راست طورپر خدمت انجام دیتے ہوئے عوام کی ستائش حاصل کررہے ہیں۔