سابق مرکزی وزیر عارف بیگ کا انتقال

بھوپال ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): سابق مرکزی وزیر اور سینئیر بی جے پی لیڈر عارف بیگ کا آج قلب پر حملہ کے باعث بعمر 81 سال انتقال ہوگیا ۔ پسماندگان میں 2 لڑکے اور 5 لڑکیاں شامل ہیں ۔ مرحوم کے فرزند نور الحسن بیگ نے بتایا کہ ذیابیطس سے متاثرہ ان کے والد آج صبح 9 بجے اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔ مدھیہ پردیش سے لوک سبھا کے لیے 2 مرتبہ منتخب عارف بیگ پہلی مرتبہ 1977 میں بھوپال سے بھارتیہ لوک دل کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا اور ڈاکٹر شنکر دیال شرما کو شکست دی تھی جو کہ بعد ازاں صدر جمہوریہ بن گئے تھے ۔ انہوں نے 1989 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کر کے کانگریس امیدوار اسلم شیر خاں کو شکست دی تھی ۔ اگرچیکہ عارف بیگ نے 1996 میں بی جے پی سے علحدہ ہو کر کانگریس میں شال ہوگئے لیکن پارٹی سے ہم آہنگ نہیں ہوسکے اور سال 2003 میں دوبارہ بی جے پی میں واپس آگئے اور 2013میں بھوپال کے شمالی حلقہ اسمبلی سے انتخابی مقابلہ میں شکست سے دوچار ہوگئے ۔ مسٹر نور الحسن نے بتایا کہ ان کے والد ایمرجنسی کے دوران بی جے پی قائدین کشابھاؤ ٹھاکرے اور دیگر کے ساتھ 19 ماہ تک جیل میں قید تھے ۔ عارف بیگ کی تدفین آج شب سنٹرل لائبریری کے قریب واقع آبائی قبرستان میں عمل میں آئی ۔۔